بھٹکل 11/اپریل (ایس او نیوز) کورونا کو لے کر جس طرح ملک بھر میں لاک ڈاون چل رہا ہے اس سے ایک طرف اُمید کی جارہی ہے کہ لاک ڈاون سے کورونا کو مزید پھیلنے کا موقع نہیں ملے گا اور اس کا خاتمہ ممکن ہوگا، مگر لاک ڈاون سے بہت ساروں کو بہت ساری مشکلات کابھی سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ایسے ہی مشکلات کا سامناکرتے ہوئے یہاں کوگتی نگر کی ایک خاتون نے گھر پر ہی اُس وقت بچہ کو جنم دے دیا جب ایمبولنس اُسے اسپتال لے جانے کے لئے وقت پر اُس کے گھرنہیں پہنچ سکی۔
خاتون کے ایک قریبی رشتہ دار نے ساحل آن لائن سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ اس خاتون کا پانچواں بچہ ہے ، مگر اس بار مقررہ تاریخ سے قریب پندرہ دن پہلے ہی ڈیلیوری ہوئی۔ بتایا گیا ہے کہ آج سنیچر صبح قریب چھ بجے ہلکا درد شروع ہوگیا تھا، بعد میں قریب اْٹھ بجے ڈیلیوری کا درد شروع ہوا تو اسپتال جانے کا مسئلہ کھڑا ہوگیا۔ پہلے ایک، پھر دوسری پھر تیسری ایمبولنس کو بلانے کی کوشش کی گئی، اس دوران خاتون کا درد بڑھتا چلا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ابتدائی دو ایمبولنس کو فون ہی نہیں لگا، کافی کوششوں کے بعد دوسرے رشتہ داروں کے ذریعے تیسری ایمبولنس کو بلانے کی کوشش کی گئی۔ مگر اس سے پہلے کہ ایمبولنس گھر پہنچتی، خاتون بچے کو جنم دے چکی تھی۔
بتایا گیا ہے کہ ڈیلیوری کے وقت خاتون کو زیادہ پریشانی یا مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑا اور نارمل ڈیلیوری رہی۔
ایمبولنس گھر پہنچنے کے بعد خاتون کو بچہ سمیت قریبی پرائیویٹ اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ بچہ اور زچہ دونوں خیر و عافیت سے ہیں۔